سندھ لائیوسٹاک اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کا لائیوسٹاک پنجاب کا دورہ

فوڈ سکیورٹی اور معیاری غذائی پیداوار کے لیے لائیوسٹاک بریڈ امپرومنٹ انتہائی ناگزیر ہے:سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر

سندھ لائیوسٹاک اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کا لائیوسٹاک پنجاب کا دورہ

لاہور: بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات کے پیش نظر بہتر پیداواری صلاحیت کے حامل جانوروں کے ذریعہ بریڈ امپرومنٹ پروگرام پر عمل درآمد اولین ترجیح ہے۔ یہ بات سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن(ر)ثاقب ظفر نے سندھ لائیوسٹاک اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ سے آئے اعلی افسران کے وفد کے ساتھ ہونے والے اجلاس کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق ویٹرنری اکیڈمی یونیورسٹی آف اینیمل سائنسز لاہورمیں بریڈ امپرومنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس کی آن لائن صدارت سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے کی۔ سندھ سے آئے وفد کی قیادت ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو، ڈائریکٹر جنرل سندھ  انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کراچی نے کی۔

اس اجلاس کے دوران فوڈ سکیورٹی پروگرام کے تحت لائیوسٹاک بریڈ امپرومنٹ پروگرام پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ تعاون کے سلسلہ میں مختلف موضوعات زیر بحث لائے گئے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سکیورٹی اور کوالٹی فوڈ پروڈکشن کے لیے ناصرف صوبائی بلکہ بین الاصوبائی اور وفاقی سطح پر بھی اقدامات کی ضرورت ہے اوراس راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔محکمہ لائیوسٹاک پنجاب ملکی غذائی ضروریات پورا کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس اجلاس کے دوران شرکا کو پنجاب بریڈنگ ایکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ دونوں وفود نے بریڈامپرومنٹ کے حوالہ سے باہمی کوششوں کو مزید تیز کرنے کا اعادہ کیا۔ مزید یہ کہ ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو نے محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کو سندھ لائیوسٹاک ایکسپو2021کیلئے باضابطہ دعوت دی اور کہا کہ اس طرح کی لائیوسٹاک نمائشوں کے انعقاد سے سائنسی اور تکنیکی تعاون کو فروغ ملتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ صوبائی ہم آہنگی میں بھی بہتری آتی ہے۔ دونوں وفود نے مستقبل میں مختلف شعبوں جن میں سیمن پروڈکشن، ان ویٹروفرٹیلائزیشن اور ڈیزیز کنٹرول شامل ہیں کے لیے تکنیکی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ تاکہ مشترکہ کاوشوں سے دودھ اور گوشت کی پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔ دونوں وفود نے ٹیکنیکل کمیٹی نے ذریعے مذکورہ شعبہ جات میں تعاون پر اتفاق کیا۔اس اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (پلاننگ)، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنکل)، ڈائریکٹرجنرلز،رجسٹرار بریڈنگ اتھارٹی اور دیگر محکمانہ افسران بھی شریک ہوئے۔