صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کا مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام

موجودہ حالات کے پیش نظر مزدور طبقے کو خصوصی ریلیف دیا جا رہا ہے :اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کا مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام

لاہور: صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجازعالم آگسٹین نے مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہر سال مئی کا پہلا روز ہمیں احساس دلاتا ہے کہ دنیا بھر میں مزدوروں کی قربانیوں اور ان کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیاجائے جبکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مزدوروں کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک اپنے مزدوروں کےلئے سازگار ماحول اور تحفظ فراہم نہ کر ے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بھی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ پاکستانی مزدوروں کی فلاح و بہبود کےلئے تمام تر وسائل بروئے کا ر لائے جائیں گے جبکہ یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر سایہ پاکستان بھر میں مزدوروں کے حقوق کےلئے خصوصی کاوشیں کی جا رہی ہیں اور کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں مزدور طبقے کی مشکلات کے حل کےلئے تمام تر ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں ملک بھر میںفلاحی اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا ہوگا جو کہ دور دراز علاقوں میں بھی عام آدمی کی مدد کو حکومت کے تعاون سے یقینی بنا رہے ہیں جبکہ حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کو بھی اپنا مثبت کردارادا کرنا ہوگا تاکہ اپنے مزدور طبقے کی مشکلات کو ختم کیا جا سکے۔