میاں اسلم اقبال سے ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفدکی ملاقات،انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت

 ایوان صنعت وتجارت راولپنڈی ملک کی پہلی ورچوئل ایکسپو کا اہتمام اگلے ماہ اگست میں کررھا ہے،12ممالک حصہ لیں گے:صبورملک

 میاں اسلم اقبال سے ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفدکی ملاقات،انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت

 لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے آج ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران میں سمارٹ لاک ڈاؤن اور انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر نے بتایا کہ ایوان صنعت وتجارت راولپنڈی ملک کی پہلی ورچوئل ایکسپو کا اہتمام اگلے ماہ اگست میں کررھا ہے جس میں چین،ملائشیاء،ترکی سمیت 12ممالک حصہ لیں گے۔

صدر راولپنڈی چیمبر صبورملک نے صوبائی وزیر کو ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن عوام کو کوروناوائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے لگایا گیا ہے، سمارٹ لاک ڈاؤن عوام کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے لگایا گیا ہے۔حکومت کاروبار بند نہیں کرنا چاہتی کیونکہ کاروبار کی بندش سے معیشت متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے اور اقدامات طبی، معاشی ماہرین کی مشاورت سے کئے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 55فیصد انڈسٹری کھلی ہے اور 45فیصد بند ہے۔ کورونا کی صورت حال میں بہتری آنے پر عید کے بعد بہت سے سیکٹر کھول دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے معیشت اور لوگوں کی سوشل لائف بھی متاثر ہوئی ہے۔انشاء اللہ جلد مشکل صورتحال سے نکل آئیں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومت عید کے بعد  کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کیلئے بڑا پروگرام لارہی ہے۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ورچوئل ایکسپو کاانعقادخوش آیند ہے۔ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مدثر ریاض ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔