قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دستور پاکستان کو ”بریل ” رسم الخط میں تحریر کردیا ، پارلیمنٹ کی 74 سالہ تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے، سپیکر قومی اسمبلی

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دستور پاکستان کو ”بریل ” رسم الخط میں تحریر کردیا ، پارلیمنٹ کی 74 سالہ تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد :سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نابینا افراد کے لئے دستور پاکستان کو ”بریل ” کے رسم الخط میں تحریر کردیا ہے جس سے نابینا افراد کو دستور پاکستان تک رسائی ممکن ہو سکے گی، اقتصادی تعاون تنظیم کے سپیکرز کی نو سال بعد کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پارلیمانی سفارتکاری کی کامیابی کی واضح مثال ہے جبکہ اس کے مشترکہ اعلامیہ میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت ایک منفرد کامیابی ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ کی 74 سالہ تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے، پارلیمنٹ پورے ملک کا نمائندہ ایوان ہے، مجھے یقین ہے کہ ایوان کے دونوں اطراف کے تمام ارکان اختلافات سے بالاتر ہوکر اپنی نمائندگی کا حق ادا کریں گے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں اجلاس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی بجٹ 22۔2021 کی منظوری دینے کے بعد بجٹ اجلاس کے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے تو میں سب سے پہلے آپ سب کے سامنے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ایک تاریخی نوعیت کی کارکردگی رکھنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میری خصوصی ہدایات پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی کوششوں سے پاکستان کے آئین کو ”بریل” رسم الخط میں منتقل کردیا گیا ہے اور یوں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئین پاکستان کو نابینا افراد کے لئے قابل رسائی بنا دیا گیا ہے۔

بریل آئین پاکستان کی پہلی کاپی ایوان کے سامنے رکھ رہا ہوں۔ یہ ایک تاریخی کامیابی ہے اور ہمارے اس عزم کی آئینہ دار ہے کہ افراد معذور افراد کو نظر انداز نہ کیا جائے بلکہ ملکی امور میں ان کی بامعنی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس کامیابی سے پاکستان دنیا کے ان چند ممالک اور پورے خطے میں پہلا ملک بن گیا ہے جس کا آئین بریل رسم الخط پر دستیاب ہے۔

اس مسودے کی تمام ممکنہ غلطیوں سے پاک ہونے کی تصدیق اہم متعلقہ اداروں سے کروائی گئی ہے جن کے سرٹیفکیٹ اس مسودے کے ساتھ لگائے گئے ہیں۔ یہ پہلا قدم ہے اس کے ساتھ ساتھ ہم نے معذوری افراد کی سہولت کے لئے قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو خصوصی سافٹ ویئر کے لئے نابینا افراد کے لئے قابل رسائی بنا دیا ہے،

پارلیمنٹ کی عمارت وہ پہلی سرکاری عمارت ہے جس کا مکمل ڈسیبلٹی آڈٹ کروایا گیا جس کی رپورٹ کے نتیجے میں ہر فلور پر معذور افراد کے لئے خصوصی واش رومز تعمیر کروائے گئے۔ خصوصی ریمپ مہیا کی گئیں اور ان کی رہنمائی کے لئے خصوصی سائن بورڈز بھی آویزاں کئے جارہے ہیں۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس اہم کامیابی کے علاوہ دو اور اہم امور پر بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں ، پارلیمانی سفارتکاری کے میدان میں اقتصادی تعاون کونسل یعنی ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کا اجلاس نو سال کی طویل مدت بعد اس ماہ کے آغاز میں اسلام آباد میں میری صدارت میں منعقد ہوا جس میں افغانستان، آذربائیجان، ازبکستان، تاجکستان اور ترکی کے سپیکرز نے بنفس نفیس شرکت کی جبکہ ایران، ترکمانستان اور قزاخستان کے سپیکر اور وفود بذریعہ ویب اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔

اس کانفرنس کی رپورٹ اس ایوان میں چند دن قبل رکھ دی گئی تھی لیکن میں ایک بار پھر آپ سب کو یاد دلاتا ہوں کہ پائیکو کانفرنس کی کامیابی سے اس تنظیم کا دوبارہ فعال ہونا ، اسلام آباد میں اس کا مستقل سیکرٹریٹ قائم ہونا اور موجودہ سال 22۔2021کے لئے پاکستان کے سپیکر کا پائیکو کا صدر منتخب ہونا ہے وہیں ایک تاریخی کامیابی پائیکو کے اعلان اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر کو شامل کرنا اور تمام ممالک کی اس پر حمایت کرنا ہے۔ میں آپ سب کو اس اعلامیے کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کے اس منتخب ادارے کا قیام 10 اگست 1947ء کو مملکت کی آزادی سے چار دن پہلے ہوا تھا۔ دس اگست 2021ء کو اس تاریخ ساز واقعہ کو 74 سال مکمل ہو جائیں گے اور یہ ایوان اپنے پلاٹینیم جوبلی سال میں داخل ہو جائے گا۔

اس سال کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ایک پروگرام ترتیب دے رہا ہے جس میں مجھے تمام ارکان کی تجاویز، حمایت اور تعاون درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان پورے پاکستان کا نمائندہ ہے اور میرا ایمان ہے کہ ایوان کے دونوں اطراف تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر نمائندگی کا یہ حق ادا کریں گے.