صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح کیا، ایوان صدر مکمل طور پر گرین انرجی پر منتقل

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح کیا، ایوان صدر مکمل طور پر گرین انرجی پر منتقل

اسلام آباد :صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کے ایک میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کے افتتاح کے بعد ایوان صدر مکمل طور پر گرین انرجی پر منتقل ہو گیاہے۔جس کے بعد ایوان صدر ان چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے جن کے ایوان صدر مکمل طور پر گرین انرجی پر منتقل ہو چکے ہیں۔ پریزیڈنٹ گرین انیشیوٹیو کے تحت اینگرو کارپوریشن کے ساتھ شراکتداری کے تحت یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے، اس منصوبے سے ایوان صدر کو بجلی کی فراہمی کے علاوہ سو فیصد اضافی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایک میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ چند سال میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت دنیا میں نام بنایا گیا۔ منصوبے کے تحت ایوان صدر کو گرین انرجی پر منتقل کیا گیا۔ ماحولیاتی تبدیلی کے اعتبار سے پاکستان کا شمار دنیا کے10سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں ہوتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچانے کیلئے حکومت نے واضح پالیسی مرتب کی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو کفایت شعاری کی ترغیب دینا ہوگی۔ اسلامی معاشرے میں کفایت کی روایت بہت پرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14سو سال پہلے ہمارے نبیۖ اپنے کپڑوں کو خود رفو کرتے تھے۔ قدرتی وسائل کی بھی حد ہوتی ہے انہیں احتیاط سے استعمال کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں کے بچوں کو درخت لگانے اور ان کی افادیت سے آگاہ کیا۔ چند سالوں میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت دنیا میں نام بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لئے متبادل توانائی اہمیت کی حامل ہے۔

حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بلین ٹری منصوبہ شروع کیا جو کہ ملک کے قدرتی وسائل کو بچانے کی جانب اہم قدم ہے۔ قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے ایکو نظام کے متوازن حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر میں دس ہزار پودے لگانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایوان صدر کی چھت سے سورج کی کرنیں اندر آتی تھیں تاہم اب ایسا نہیں ہے، اس نظام کو بھی بحال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف پارکوں میں میاواکی انداز میں شجرکاری ماحول کے لئے بہترین ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنا نجی صنعتوں کی بھی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے پریزیڈنٹ گرین انیشی ایٹو پروگرام میں تعاون فراہم کرنے پر اینگرو کارپوریشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ترقیاتی کوششوں میں نجی شعبے کی شمولیت سے انرجی کا تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں بہتری آئے گی۔

صدر اینگرو کارپوریشن ریاض خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرین حکمت عملی ترقی کا اہم جزو ہے۔ اینگرو کارپوریشن ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے مثبت کردار ادا کرے گا.