دنیا بھر سے کورونا سے متعلقہ سامان کی بلا تاخیر خریداری کا عمل جاری ہے :ترجمان پنجاب حکومت 

اپوزیشن قوم کو متحد کرنے کی بجائے بدقسمتی سے اپنی سیاست کی تسکین کیلئے کوشاں ہے: مسرت جمشید چیمہ

دنیا بھر سے کورونا سے متعلقہ سامان کی بلا تاخیر خریداری کا عمل جاری ہے :ترجمان پنجاب حکومت 

لاہور   (عالمین نیوز)   پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھا رہی ہے ،کورونا وائرس سے متعلقہ سامان کی جس ملک سے بھی دستیابی ممکن ہو رہی ہے اس کی بلا تاخیر خریداری کا عمل جاری ہے اور اب تک اربوں روپے کا سامان خریدا جا چکا ہے ، موجودہ حالات میں اپوزیشن قوم کو متحد کرنے کا فریضہ سر انجام دینے کی بجائے اپنی سیاست کی تسکین کیلئے کوشاں ہے ۔ اپنے بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پوری قوم کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کوطبی امداد فراہم کرنے والے ڈاکٹرز،نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے کردار کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔ حکومت ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہر طرح کاحفاظتی سامان مہیا کر رہی ہے اور اس وباء سے نبرد آزما ہونے کے دوران سامنے آنے والی کمی کوتاہیوں کو بھی بغیر کسی تاخیر کے دور کیا جارہا ہے ۔وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔علامات ظاہر ہونے والے مریضوں کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ،قرنطینہ کے لئے استعداد کار کو بڑھایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم نے ایک دوسرے پر تنقید کی بجائے ایک دوسرے کی اصلاح کا فریضہ سر انجام دینا ہے لیکن بد قسمتی سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو اس موقع پر بھی سیاست سیاست کھیلنے سے فرصت نہیں ،عوام حکومت اور اپوزیشن کے کردار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقت آنے پر ضرور جوابدہی ہو گی ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں کی مشکلات کو مد نظررکھتے ہوئے 18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کئے ہیں ،آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے پروگرام متعار ف کرائے جائیں گے جس سے بیروزگاری کے خاتمے میں مددملے گی ، لاک ڈائون کی وجہ سے روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے 25لاکھ گھرانوں کو 4ہزار روپے فی گھرانہ ادا کیے جائیںگے جس کیلئے 10ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس میں شفافیت کومد نظر رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ لاک ڈائون کے دوران گھروں میں رہ کر حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوں تاکہ کورونا وائرس کی وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔