نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں:عثمان بزدار

اپوزیشن کو اے پی سی کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام

نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں:عثمان بزدار

لاہور:. وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے۔نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی اور جھوٹ کا سہارا لیا۔اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام۔پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے، حکومت مدت پوری کرے گی۔ وہ اراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی- منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کواپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل نوٹ کئے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔عوامی نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کورکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں غلام علی اصغر خان، شہاب الدین خان، غضنفر عباس، تیمور علی لالی، بلال اصغر وڑائچ، احسن جہانگیر، اعجاز خان، عامر عنایت شہانی،محمد اعجاز حسین اور گلریز افضل گوندل شامل تھے-