ایس او پیز کے تحت مساجد کھلی رہیں گی، رمضان المبارک میں تراویح بھی ہوگی، حافظ طاہر محمود اشرفی کا پریس کانفرنس سے خطاب

ایس او پیز کے تحت مساجد کھلی رہیں گی، رمضان المبارک میں تراویح بھی ہوگی، حافظ طاہر محمود اشرفی کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد :وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ایس او پیز کے تحت مساجد کھلی رہیں گی، رمضان المبارک میں تراویح بھی ہوگی، علماءکرام نے فتویٰ دیا ہے کہ کورونا ویکسین لگوائی جائے، جس نے ایک انسان کو بچایا اس نے پوری انسانیت کو بچایا، پاکستان کے عرب دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں، کویت کے ویزوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، پاکستان عرب دنیا کے لئے کھلا ہے اور عرب دنیا پاکستان کے لئے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت مساجد کو بند نہیں کر رہی، مساجد سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوتی ہیں، کورونا وباءکے دوران سب سے زیادہ مساجد میں ایس او پیز پر عمل کیا گیا، میں واضح کر رہا ہوں کہ مساجد کھلی رہیں گی، رمضان المبارک میں تراویح اور نماز بھی ہوگی لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ برس بھی رمضان المبارک میں مساجد کو کھلا رکھا، گزشتہ برس بھی مساجد میں تراویح اور عید کی نماز ہوئی، اس سال بھی مساجد کھلی رہیں گی اور نماز تراویح بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران عرب دنیا کے ساتھ تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے، سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو فون کر کے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی ہے وزیراعظم مستقبل قریب میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کویت اور مصر کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، عراق کے وزیر دفاع پاکستان آئے، ہمارے قائدین وہاں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈے پریڈ کے موقع پر عراق، فلسطین، سعودی عرب، ترکی اور بحرین کے قائدین اور سعودی عرب کے بری فوج کے سربراہ بھی موجود تھے، ہم امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد چاہتے ہیں، پریڈ کے موقع پر فلسطین کے پرچم کا لہرانا پاکستان کی فلسطین کے بارے میں پالیسی کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے پریڈ کے موقع پر کشمیر کے حوالے سے بات کی کہ ہندوستان سے امن کے تمام راستے کشمیر کے ذریعے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد کی جانب سے مشرق وسطیٰ اور سعودی عرب میں درخت لگانے کا اعلان کیا گیا، ہم اس سلسلے میں اپنے تجربہ کے تحت سعودی عرب کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے منصوبے دنیا کے لئے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے تحفہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں موجود پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے پانچ ماہ کے دوران ملک میں توہین مذہب کے حوالے سے ایک کیس بھی درج نہیں ہوا۔ انہوں نے کرک مندر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرک مندر پر جب حملہ ہوا تو اس پر فوری کارروائی کی گئی اور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد ہے، تمام تاجر اپنے نفع میں کمی کریں، وہ اللہ کے ساتھ تجارت کریں، حکومت مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، وزیراعظم خود ذاتی طور پر مہنگائی کم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے، وہ احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔