صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کا دورہ چکوال

اعجاز عالم آگسٹین کا مسیحی برادری کے قبرستان کی چار دیواری اور جنازہ گاہ کی تعمیر کے لئے فنڈز کا اعلان

صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کا دورہ چکوال

لاہور: صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے چکوال شہر میں مسیحی برادری کے قبرستان کی چار دیواری اور جنازہ گاہ کی تعمیر کے لئے 50 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان دورہ چکوال کے موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مسیحی قبرستان کے لئے الاٹ کی گئی اراضی کے معائنہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے نمائندہ افراد بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی عوام دوست قیادت میں حکومت پنجاب مذہبی اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے گراں قدر اقدامات سر انجام دے رہی ہے ، جن کے تسلسل سے صوبہ بھر میں مذہبی اقلیتوں کو سماجی سہولیات کے اعتبار سے خاطر خواہ ثمرات میسر آئیں گے۔

انسانی حقوق و اقلیتی امور کے صوبائی وزیر نے بعد ازاں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کے ہمراہ شہر کے کیتھولک چرچ میں مسیحی برادری کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری سمیت مذہبی اقلیتوں کی سماجی فلاح و بہبود کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے چرچ کمیٹی کی طرف سے پیش کردہ مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کمیٹی کی طرف سے چرچ کے ضروری مرمتی کام کے لئے امدادی گرانٹ کے مطالبہ پر اعلان کیا کہ اس مقصد کے لئے درکارامدادی فنڈز گرانٹ ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔