وزیراعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐپر روح پرور محفل کا انعقاد،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی شرکت

 نعت خوانوں سرور حسین نقشبندی، شہزاد حنیف مدنی، نور محمد اورصوبائی وزیراوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے بھی نعت رسول مقبولؐ پیش کیں

وزیراعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐپر روح پرور محفل کا انعقاد،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی شرکت

لاہور:وزیراعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐکے موقع پر روح پرور محفل میلاد کا انعقادکیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے محفل میلاد میں خصوصی شرکت کی۔محفل میلاد ؐ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا۔قاری محمد ذیشان حنیف نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی۔ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری نے بیان سیرت النبی ؐ سے محفل میلاد کا آغاز کیا۔محفل میلاد میں بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے گئے۔

معروف نعت خوانوں سرور حسین نقشبندی، شہزاد حنیف مدنی، نور محمد اورصوبائی وزیراوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے بھی نعت رسول مقبولؐ پیش کیں۔قاری محبوب احمد چشتی نے میلاد کے آخر میں دعا کرائی۔ملک و قوم کی سا لمیت، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورکشمیری شہداء کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

وزیراعلیP آفس کے سٹاف نے محفل میلاد ؐ میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی ولادت باسعادت کی بابرکت گھڑیاں تاریخ انسانی کے روشن ترین اور قیمتی لمحات ہیں -12ربیع الاول کی خوبصورت اور خوشگوار صبح ازلی سعادتوں اور ابدی مسرتوں کا نور چمکا- حضور رحمت عالم ؐ کی ولادت مبارکہ سے پہلے سرزمین عرب فسق و فجور، ظلم و استبداد اور بربریت و جہالت کے اندھریوں میں بھٹک رہی تھی -

حضرت محمد ؐ کے قدم مبارک سے نہ صرف زمین عرب بلکہ پوری دنیا کی کایا پلٹ گئی-آپ ؐ نے مختصر عرصے میں انقلاب آفریں اصلاحات سے عرب معاشرے کی بری خصلتوں کو یکے بعد دیگرے صفحہ ہستی سے مٹا دیا-حضور نبی اکرم ؐ نے عظیم الشان تحریک بپا کی -حضور ؐ نے سیاسی، مذہبی، اقتصادی اور سماجی شعبوں میں انقلابی اور اصلاحی تبدیلیاں کیں اور آج ہمارے تمام مسائل اسوہ حسنہ ؐ پر عمل کرنے سے حل ہو سکتے ہیں -